بھٹکل:6؍جنوری (ایس اؤ نیوز) بھٹکل کے نومنتخب گرام پنچایت اراکین کے اعزاز میں مرڈیشور میں کانگریس کی طرف سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں خطاب کرتے ہوئے بھٹکل کے سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات کے بعد اقتدار کے حصول کے لئے کامیاب ہونے والے ممبران کو لالچ اورجھوٹی امیدیں دلائی جانے کے متعلق خبریں سننے میں آرہی ہیں۔ انہوں نے کانگریس کے حمایتی کامیاب اراکین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی حرص وطمع کے جھانسے میں آئے بغیر اپنے فیصلے میں قائم رہیں۔
کامیاب اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے منکال وئیدیا نےکہاکہ کانگریس کی اصل طاقت اس کے کارکنان ہی ہیں۔ پنچایت میں منتخب اراکین کی ذمہ داری ہے کہ وہ پارٹی کے استحکام کے لئے کام کریں۔ آئندہ کچھ دنوں میں منعقدہونے والے تعلقہ پنچایت اور ضلع پنچایت انتخاب کے لئے بھی تیاری کریں اور پارٹی کے حمایتی اراکین کو جیت دلانے کے لئے یکجٹ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ودھان سبھااور لوک سبھا انتخابات سے پہلے کانگریس پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط ومستحکم کرناپنچایت ممبران کی اہم ذمہ داری ہے۔ نومنتخب ممبران عہدوں کے چکر میں نہ پڑیں، صدرو نائب صدر کی میعاد صرف 30مہینوں تک ہی محدود رہتی ہے۔ بھٹکل بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک، تعلقہ پنچایت صدر ایشورنائک، ضلع پنچایت ممبران البرٹ ڈیکوستھا، سندھو بھاسکرنائک، کانگریس اقلیتی سیل کے ضلعی صدر عبدالمجید، وشنو دیواڑیگا، رامانائک وغیرہ موجود تھے۔